سیالکوٹ۔10جون (اے پی پی):ترجمان سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فہد جاوید نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ستھرا پنجاب کے تحت عیدالاضحی پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا عمل پورا کر لیا۔ ضلع بھر میں فضا کو خوشگوار اور معطر بنانے کیلئے شاہرات کی صفائی کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید الضحی کے ایام میں 2500 ورکرز آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے ۔
ضلع بھر میں فضا کو ماحول دوست بنانے کیلئے فینائل اور عرق گلاب سے شاہراہوں کی صفائی کی گئی ۔ترجمان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کہا کہ مختلف مقامات پر چونا بھی لگایا گیا ہے تا کہ شہری جراثیم سے محفوظ رہ سکیں۔ تین روز میں 11 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا گیا ۔
ضلع بھر میں 4500ورکرز فیلڈ میں موجود رہے اور2ہزار 200 سے زائد گاڑیاں آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے پر استعمال ہوئیں۔اسکے ساتھ ساتھ 2ہزار کے قریب شکایات ہیلپ لائن پر موصول ہوئیں،شکایات کا ازالہ فوری بنیادوں پر کیا گیا، گلیوں محلوں اور بازاروں کی مکمل صفائی کر دی گئی ہےتاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول مل سکے ۔