سیالکوٹ۔26اگست (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت (پی پی )ڈاکٹر مقصود احمد نے لہسن کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فصل کو مختلف بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملے سے بچانے کےلئے جڑی بوٹیوں کو فوری تلف کریں اور تین سے چار گوڈیاں کرنے سمیت جڑی بوٹیوں کوبروقت تلف کرنے میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔انہوں نےاے پی پی کو بتایا کہ لہسن کی فصل میں پتوں کے جھلساؤ کی بیماری کے حملے سے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں اورجب بیماری شدت اختیار کرتی ہے تو تمام پتے خشک ہوجاتے ہیں اس طرح لہسن کی گٹھلیوں کا سائزچھوٹا رہ جاتاہے اور فصل کو شدید نقصان ہوتاہے۔
ا نہوں نے کہا کہ ان بیماریوں کے تدارک کےلئے محکمہ زراعت توسیع وپیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کی مشاورت سے پھپھوندکش زہروں کا 4سے6دن کے وقفہ سے سپرے کریں اور پندرہ دن کے وقفہ سے آبپاشی کا سلسلہ بھی جاری رکھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ لہسن کی فصل پرتھرپس کے بالغ و بچے حملہ آور ہوکر پتوں کا رس چوستے ہیں جس سے پتے چڑمڑہوجاتے ہیں اوربعد میں خشک ہوکر گِرجاتے ہیں نیزحملہ شدہ پودے پوتھیاں نہیں بناتے جس سے پیداوار میں نمایاں کمی ہوتی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ تھرپس کے حیاتیاتی تدارک کےلئے پودوں کو سوکانہ آنے دیں۔