سیالکوٹ۔2دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع سیالکوٹ کے زیر اہتمام زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت گاؤں بھروکے میں سمارٹ فارمرز گیدرنگ کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع سیالکوٹ ڈاکٹر رانا قربان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر( توسیع )کی ہدایت پر سینئر زراعت آفیسر مرکز صدرحمیرا یونس اور زراعت آفیسر کینٹ مرکز میمونہ عزیز نے "زیادہ گندم اگائیں” مہم کے تحت گاؤں بھروکے، تحصیل سیالکوٹ میں سمارٹ فارمرز گیدرنگ کا انعقاد کیا۔ سینئر ایگریکلچر آفیسر (صدر)حمیرا یونس نے کسانوں کو گندم کی پیداوار کی ٹیکنالوجیز، گندم سے متعلق جاری حکومتی سکیموں، اور کسان کارڈ کے فوائد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس کے علاوہ محمد قیصر نے سن کراپ گروپ کی جانب سے جڑی بوٹیوں کے خاتمے کے مؤثر طریقے اور گندم کی فصل کے لیے متوازن غذائیت کی اہمیت پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ یہ پروگرام زراعت آفیسر مرکز کینٹ، عمار عبداللہ (انٹرن سرکل بھگووال) اور ٹیم مرکز کینٹ کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ اس میں مقامی کسانوں، یونیورسٹی کے طلبہ، اور انٹرنز نے شرکت کی، جو تمام شرکاء کے لیے ایک جامع ٹریننگ و آگاہی سیشن ثابت ہوا۔