سیالکوٹ۔27اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ کی جانب سے کاشتکاروں کودال ماش کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی مناسب دیکھ بھال کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کاشتکار اچھی فصل حاصل کرنے کیلئے آبپاشی کا بھی خاص خیال رکھیں اور فصل کو درکار پانی کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں کیونکہ دال ما ش کو 3مرتبہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے جس کا پہلا پانی اگاؤ کے 3ہفتے بعد، دوسرا پانی پھول نکلنے پر اور تیسرا پانی پھلیاں بننے پر لگایا جاتاہے۔
ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے اے پی پی کو بتایا کہ اچھی پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی اور بروقت گوڈی بھی بہترین نتائج فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ عام طور پر 2 مرتبہ گوڈی کرکے جڑی بوٹیاں تلف کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلی گوڈی بوائی کے 25سے 30 دن اور دوسری گوڈی پہلی آبپاشی کے 40سے45 دن کے اندر کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اگر پھول آنے سے قبل جڑی بوٹیوں کا خاتمہ نہ کیاگیاتو پیداوار متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہوتاہے۔