سیالکوٹ،مویشی پال حضرات کو جانوروں کو موسم برسات میں خشک چارے اور متوازن خوراک کی فراہمی کی ہدایت

3
Dry fodder
Dry fodder

سیالکوٹ۔30جون (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر تنویر احمد نے برسات کے دوران مویشیوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے خشک چارے اور متوازن خوراک انمول ونڈے کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مویشی پال حضرات سے ملاقات کے دوران کہا کہ موسم برسات میں مویشیوں کی خصوصی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ لائیوسٹاک فارمرز کو بعد ازاں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں جانوروں کی رہائش کے لئے خشک جگہ کا بندو بست بھی ضروری ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک نےسیلابی صورتحال اورموسم برسات کے دوران کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے نمٹنےکے لئے تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریز میں وافر مقدار میں ضروری ادویات فراہم کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات مویشیوں کو موسمی شدت کے اثرات سے بچانے کے لئے متوازن غذا کااستعمال کرانے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک کے سہولت سینٹرز پر ونڈہ،منرل مکسچر اور یوریا مولیسز بلاک رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں اور منرل مکسچر میں تمام ضروری نمکیات علاقائی ضرورت کے مطابق موجود ہیں۔