سیالکوٹ۔12مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 4سویٹس یونٹس کو 1لاکھ20ہزار کے جرمانے عائد کر کے بھاری مقدارمیں ممنوعہ اجزء تلف کر دئیے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی سیالکوٹ کے مطابق یہ کارروائیاں ممنوعہ اجزاء برآمد ہونے پرعمل میں لائی گئیں، سٹوریج ایریا میں حشرات کی بھرمار، بدبودار ماحول پایا گیا،واشنگ ایریا میں فنگس لگی پائی گئی،انتہائی لازم ریکارڈ عدم موجود جبکہ تیار اشیاء کھلی موجود پائی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ بیکریوں میں اشیاء کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں،تلف کیے گئے اجزاء میں نان ٹریس ایبل کھلے رنگ، ممنوعہ امونیا اور رنگ کاٹ شامل ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ماہ رمضان میں غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کا مشن جاری ہے ۔غیر معیاری ناقص و ممنوعہ اشیاء کا استعمال متعدد موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے،
افسران اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود ہوتی ہیں، سحر و افطار میں فوڈ پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے،ملاوٹ اور جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی ہے، زیادہ منافع کی لالچ میں صحت دشمنی کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، عوام کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامناکرناپڑے گا۔