سیالکوٹ۔19جولائی (اے پی پی):ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ کی بے مثال قربانی کی یاد میں محفلوں کا اہتما م کیا جا رہا ہےجس میں قراء حضرات نے تلاوت قرآن پاک ، نعت خواں حضرات نے حضور نبی کریم ﷺکی شان میں گلہائے عقیدت اور علمائے کرام نے شان اہلبیت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اسی سلسلہ میں اگوکی کی جامع مسجد انوارالقرآن میں بھی خواتین کا ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں شہزادی کونین سیدہ طیبہ حضرت بی بی فاطمۃ الزھرہ کی شان عظمت بارے بیان کے لیے عالمہ فاضلہ بنت حافظ صابر علی صابر تشریف لائیں جنہوں نے عظمت شان اہلبیت بارے بیان کیا اور خواتین کو شہزادی کونین سیدہ طیبہ حضرت بی بی فاطمۃ الزھرہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے باپردہ رہنے اور شرعی احکامات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں جہان کی کامیابی کا واحد راستہ اتباع رسول ﷺہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ کی بے مثال قربانی اور سیرت پاک پوری امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے۔مقامی خواتین کی کثیر تعدادنے محفل پاک میں شرکت کی اوراپنے قلوب و اذہان کو منور کیا۔