سیالکوٹ۔14اپریل (اے پی پی):پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سیالکوٹ محمد شبیر رانا نے پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ پنجابی ثقافت ہماری شناخت ہےجو صدیوں پرانی روایات، مہمان نوازی، محبت، بھائی چارے اور خوبصورت فنون لطیفہ کا عکاس ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ثقافت کو نہ صرف زندہ رکھیں بلکہ نئی نسل تک اس کا پیغام بھی پہنچائیں۔
یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری جڑیں مضبوط ہیں اور ہمیں اپنی زبان، لباس، موسیقی اور تہواروں پر فخر ہے۔پنجاب کی ثقافت اخوت، بھائی چارے، امن، رواداری، مہمان نوازی اور محبت کا دوسرا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے منانے کا مقصد ان خوبصورت روایات کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو اپنے ورثے سے روشناس کروانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ثقافت سے جڑی اقوام ہی ترقی کرتی ہیں اور پنجاب کی مٹی امن، محبت اور اخلاق کی خوشبو سے بھرپور ہے۔
کلچر ڈے جیسے مواقع نہ صرف ہمیں اپنی ثقافت سے جوڑتے ہیں بلکہ عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کا مؤثر ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ اس دن کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر کالج انتظامیہ اور طلباء نے پنجابی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ٹیبلوز پیش کیے ۔