سیالکوٹ۔ 27 مئی (اے پی پی):پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل سرکل پنجاب معظم منصور نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سب پوسٹ آفس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس عبدالغفور ملک، چیف پوسٹ ماسٹر ڈاکٹر حنا سکندر، سنئیر پوسٹ ماسٹر سجاد احمد، چیئرمین ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے پوسٹ آفس شیخ فیصل نوید، محمد اعجاز غوری، ارشد لطیف بٹ، میاں محمد خلیل، عبدالحمید احمد، امتیاز خان ودیگر ممبران کے علاوہ محکمہ ڈاک کے افسران چوہدری حسن سرفراز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ، رضوان اللہ القمر، چوہدری محمد اسحاق گھمن، صوفی شاہد سلیم، اکاؤنٹس آفیسر محمد سلمان سمیت صنعتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر صدر ایوان صنعت وتجارت عبدالغفور ملک نے کہا کہ نوجوان صنعتکار کورئیر کمپنی کے بہت زیادہ قیمتوں کی وجہ سے پریشان ہیں اس مسلے کے حل کے لیے سب پوسٹ آفس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے جن ممالک میں نوجوان صنعتکار اپنا مال ایکسپورٹ کررہے ہیں
محکمہ ڈاک ان ممالک میں ان کی ڈاک کی ڈلیوری کو بروقت یقینی بنائے گی تاکہ سیالکوٹ کی تاجر برادری ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ جس پر چیف پوسٹ ماسٹر ڈاکٹر حناء سکندر نے یقین دہانی کروائی کہ سیالکوٹ کے صنعتکاروں اور شہریوں کی ڈاک کی ڈلیوری کو بروقت یقینی بنانے کیلئے مثبت اقدامات کئے جائیں گے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گئیں۔ بعدازاں پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل سرکل پنجاب معظم منصور نے چیمبر آف کامرس کے صدر ودیگر عہدیداران سے کہا کہ ہمارا ائیر سیال سے معاہدہ کروایا جائے
تاکہ صنعت کار جوسامان بیرون ملک بھجوارہے ہیں ان کو انتہائی کم ریٹ پر سامان بیرون ملک بھجوانے میں آسانی پیدا ہو۔ اعتراز حسین ڈپٹی کنٹرولر انٹرنیشنل میل نے کہا کہ صنعتکاروں کی سہولیات کیلئے جی پی او سیالکوٹ میں سکینگ کا عمل شروع کردیا ہے جو پہلے ائیر پورٹ یا ڈرائی پورٹ پر ہوتی تھی جس کی وجہ سے بیرون ملک سامان بھجوانے کے لئے میں تاخیر تھی لیکن جی پی او سیالکوٹ میں سکینگ کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک جانے والے سامان کی دستاویزات کوفی الفور تیار کیا جارہا ہے تاکہ سامان کو بروقت بھجوایا جاسکے۔