سیالکوٹ، ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنے کےلئے ماحول صاف و خشک رکھنا ضروری ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل

83

سیالکوٹ۔22جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی نے کہا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے ماحول صاف اور خشک رکھنا ضروری ہے ، شہری اپنے گھروں کی چھتوں، سٹور اور باغیچوں کو صاف رکھیں اور کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اے ڈی سی جنرل نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ تمام ایسے محکمے جن کی اینڈرائیڈ بیس ڈینگی ایکٹیویٹی 90فیصد سے کم ہے ان کی جواب طلبی کی جائے اور فیک ایکٹیویٹی کرنے والے فوکل پرسن کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وباکمیونٹی ڈیزیز ہے اس سے بچاؤ کا واحد حل حفاظتی تدابیر ہے لہذا شہریوں کو آگاہی دی جائے کہ وہ اپنے آپ کو مچھر سے کاٹنے سے محفوظ رکھنے کیلئے پورے بازوؤں والی شرٹس استعمال کریں اور سیر کے وقت مچھروں کے کاٹنے سے بچنے کیلئے ریپیلنٹ کا استعمال کریں۔