27.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومزرعی خبریںسیالکوٹ، کھاد کی طلب و رسد کی نگرانی کےلئے 50سپروائزری ٹیمیں تشکیل...

سیالکوٹ، کھاد کی طلب و رسد کی نگرانی کےلئے 50سپروائزری ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، ڈپٹی کمشنر

- Advertisement -

سیالکوٹ ۔ 08 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شا ہ میر اقبال نے ضلع بھر میں کھاد وں کی ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی یقینی بنانے، مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کےلئے 50سپروائزری ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں ریونیو، محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل ٹیمیں گرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائی یقینی بنائیں ضلعی پولیس بھی ان ٹیموں کی بھرپور معاونت کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں کھاد کی طلب و رسد اور مقررہ قیمتوں پرعملدرآمد کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈ ی پی او حسن اقبال، اسسٹنٹ کمشنرز غلام سرور، قمر محمود منج، انور علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مرزا قدیر بیگ ، ڈاکٹر ارشاد اللہ ، کھاد ڈیلرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

- Advertisement -

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں رواں سیزن کے دوران 4لاکھ78ہزار ایکٹر رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے، کسانوں کو ضرورت کے مطابق یوریا اور دیگر کھادوں کی دستیابی یقینی بنانے کےلئے تحصیل ڈسکہ میں 21، تحصیل سیالکوٹ اور پسرور میں 12/12اور تحصیل سمبڑیال کےلئے 5سپروائزری ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے علاقوں میں کھاد ڈیلرز کی چیکنگ کریں گی ، منگوائی گئی کھاد اور فروخت کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں مانیٹرنگ کے عمل کی خود نگرانی کریں، اوور چارجنگ، ذخیرہ اندوزی کی شکایات پر بلا تفریق ایکشن لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف جرمانوں کے ساتھ فوجداری کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

ڈی پی او حسن اقبال نے بتایا کہ ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کھادوں کی طلب و رسد یقینی بنانے کےلئے اسسٹنٹ کمشنرز کیساتھ بھرپور تعاون یقینی بنائیں، ناجائزہ منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائیں اور جہاں قابل سزا جرم ہو فوری مقدمات درج کئے جائیں۔

اس سے قبل ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مرزا قدیر بیگ نے بتایا کہ ضلع بھر میں چیکنگ کا عمل جاری ہے ، اوور چارجنگ پر ابتک کھاد ڈیلرز پر تین لاکھ 22ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے جبکہ تین ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418083

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں