سیالکوٹ۔22دسمبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و رکن صوبائی اسمبلی محمدمنشااللہ بٹ نے کہا ہے کہ ہمیں چاہیئے کہ نوجوان نسل کو معاشرے اور مذہب کی سنہری اقدار سے روشناس کرائیں اور اسے ایک امانت کے طور پر ساتھ لیکر چلیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں شاداب گرلز کالج کے بارہویں کانوووکیشن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے اپنی حکومتوں کے ادوار میں تعلیم کی جانب بہت زیادہ توجہ دی، وزیراعظم محمدشہباز شریف نے دانش سکول بنائے اور وہ بچے جو اپنے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تھے ان کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول ممکن بنایا اور لاکھوں کی تعداد میں طلبا اسکالر شپ پر ملک سے باہر بھجوائے گئے، ملک کے اندر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی تعلیم کو فروغ دیا گیا جو بہت بڑی کامیابیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی یہاں سیالکوٹ میں خواتین یونیورسٹی بنوائی تاکہ ہماری بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کسی دوسرے شہر نہ جانا پڑے، ہماری حکومت نے یہاں میڈیکل کالج بنوایا، اب ہم سیالکوٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی یونیورسٹی بھی بنا رہے ہیں ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے حلقہ پی پی۔
46 کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، سٹی صدر محمد رفیق مغل، وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، ڈین آف آرٹس اینڈسوشل سائنسز ڈاکٹریاسر نواز منج، ڈائریکٹر شاداب گرلز کالج ملک عظمان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد بھی یہاں موجود تھی۔