سیالکوٹ۔18فروری (اے پی پی):پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی پیرس روڈ سیالکوٹ محمد شبیر رانا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق ادارہ ہذاٰ میں زیر تعلیم طلباء کو پیشہ وارانہ تربیتی کورسز اور مہارتوں کی بنیادی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے جدید کورسز جاری ہیں ۔
منگل کو اپنے دفتر میں سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں760 طلباء کو الیکٹریکل ،الیکٹریشن ، میکینیکل ،آٹو ڈیزل سول انجیئنر اور کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے تین سالہ مکمل کورسز کروائے جا رہے ہیں،
اسکے ساتھ ساتھ شارٹ کورسز کورین لینگوئج ،چائنہ لینگوئج ،ڈیٹا اینا لائٹک اور کوکنگ شامل ہیں جس کا دورانیہ 3ماہ سے 6ماہ تک محیط ہے اور میٹرک تعلیم لازم ہے طلباء کے ساتھ ساتھ شارٹ کورسز کی تعلیم شہریوں کو بھی فری فراہم کی جارہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ایک صنعتی شہر ہے جس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طلباء کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے ہمارے ادراے سے فارغ التحصیل طلباء اندرون و بیرون ملک میں ا ہم عہدوں پر فائز ہیں جو اپنے خاندان کی نہ صرف کفالت کر رہے ہیں بلکہ ملکی زرمبادلہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ طلباء کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیےدو شفٹوں میں پک اینڈ ڈراپ سروس کی فری سہولت بھی دی جارہی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کو فنی تعلیم کے ساتھ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔
اس موقع پر وائس پرنسپل عنصر محمود چیمہ ،ہیڈآف مکینیکل ڈیپارٹمنٹ ریاض احمد بھٹی ،مینجر اکاونٹ تحسین الرسول ،شارٹ کورسز انچارج سید فرقان اور میڈیا کوآرڈینیٹر رانا ابرار اشرف شریک تھے ۔