سیالکوٹ۔ 28 اگست (اے پی پی):سیلابی صورت حال کے پیش نظر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن آج(جمعرات) صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک معطل کردیا گیا ہے۔
ترجمان سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مطابق فلائٹ آپریشن معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، سیلابی پانی کا جنوبی اطراف سے ایئرپورٹ کی جانب رخ ہونے کی وجہ سے آپریشن معطل کیا گیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سیلابی پانی کے مکمل اخراج تک سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ہر قسم کی پروازوں کےلئے عارضی طور پر صبح 10 سے رات 10 بجے تک بند کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی واٹرنگ پمپس سمیت تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں اور ایئرپورٹ پر نصب تمام تر آلات مکمل محفوظ ہیں ۔
ایئرپورٹ کے جنوبی حصے کی جانب سیلابی پانی حفاظتی بند عبور کر کے داخل ہوا جسے مشینری اور پمپس کی مدد سے نکالا جارہا ہے ، ایئرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ پارکنگ اور رن وے سمیت زیادہ تر مرکزی حصہ محفوظ ہے۔