سیالکوٹ۔ 27 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ ضلع بھر کے تمام تعلیمی ادارے منگل کو بند رکھے گئے ،شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی قیادت میں سیالکوٹ پولیس مشکل کی اس گھڑی میں ہر محاذ پر شہریوں کے ساتھ صف اول میں کھڑی ہے۔
پولیس ٹیمیں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کر رہی ہیں خطرناک مقامات پر مسلسل گشت کر رہی ہیں۔ سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے اور شہریوں کی مدد میں پیش پیش ہیں۔سیالکوٹ میں گزشتہ روز 405 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی، جو پاکستان کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ بارش ہے۔
جبکہ بھارت کی طرف سے بھی دریاؤں میں پانی چھوڑدیا گیا ہے جس کے باعث ضلع سیالکوٹ شدید سیلابی صورتحال سے دوچار ہے۔شہریوں کی حفاظت اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے سے بچنے کیلیے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ، دریاؤں، ندی نالوں اور بیراجوں کی طرف جانے پر مکمل پابندی ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔