سیالکوٹ۔3اگست (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کے ایڈوائزر برائے صحت میجر جنرل ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے دورے کے دوران مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے ٹراما سنٹر میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ایمرجنسی طبی سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ ڈاکٹرز اور سٹاف ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے پاس موجود ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مریض کو باہر سے دوائی لانے اور پرائیویٹ ریفر کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی مینجمنٹ کےمسائل کے حل کے لیے ہسپتال انتظامیہ فوری اقدامات کریں اور فرض شناس سٹاف کی ڈیوٹی لگائی جائے تمام وارڈز میں ایمرجنسی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں ،ایمرجنسی اور او پی ڈیز میں بہترین اور با اخلاق ڈاکٹر اور سٹاف تعینات کیا جائے،پی جی کی روٹیشن کی جائے اور ایمرجنسی میں ڈیوٹی لگائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایمر جنسی میں سی ٹی سکین کے جلد تنصیب کے لیے سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت کر دی گئی ہے حکومت پنجاب مریضوں کے علاج معالجے کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے،وزیر اعلی پنجاب کی خواہش ہے کہ وسائل مریضوں کے علاج پر خرچ ہوں،سرکاری ہسپتالوں میں 3 سے 4 ہزار نرسسز پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہے وہاں پر سٹاف ہونا چاہئے سٹاف کی رائٹ پلیسمنٹ اور ریشنلائزیشن کی مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے۔
مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے افضل الیکٹرانکس کے زیر نگرانی کارڈک وارڈ، او پی ڈیز، ایکو اور ای ٹی ٹی روم کا معائنہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ افضل الیکٹرانکس قابل تحسین خدمات انجام دے رہا ہے ۔ہسپتال میں ہارٹ سرجری کیلیے آپریشن تھیٹرز اور انجیو گرافی کے قیام کیلئے فزیبلیٹی بنائے جائے گی تاکہ دل کے مریضوں کو بروقت طبی امدا مہیا کی جا سکے ۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر ہما کیانی، ایم ایس ڈاکٹر سہیل انجم بٹ، ڈاکٹر شاہد دیال اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال بھی ہمراہ تھے۔ بعدازاں مشیر برائے صحت نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔