سیالکوٹ۔13اگست (اے پی پی):سیالکوٹ میں جاری شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ریسکیو1122کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی خصوصی ہدایات پر تمام سیلابی علاقوں میں سیکٹرز کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث ہنجری کے مقام پر پل کو ریسکیو اہلکاروں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے اہلکار کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار اور الرٹ ہیں۔چپراڑ، ہیڈمرالہ، جمو ں توی، سیدپور سمبڑیال اور پسرور سمیت ضلع کے تمام سیکٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ان سیکٹرز پر ریسکیو اہلکار چوبیس گھنٹے موجود ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔
سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام سیکٹرز پر ضروری آلات اور مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔