سیالکوٹ ائیر پورٹ 18 مئی 2024 کی رات 12 بجے سے آپریشنل ہوجائے گا ، 19 مئی سے حج پرواز کا آغاز کیا جائیگا، منیجر بزنس ڈویلپمنٹ عامریعقوب

399
Sialkot Airport

سیالكوٹ۔ 16 مئی (اے پی پی):سیالکوٹ ائیر پورٹ 18 مئی 2024 رات 12 بجے سے آپریشنل ہوجائے گا اور 19 مئی سے حج پرواز کا آغاز کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار منیجر بزنس ڈویلپمنٹ انٹرنیشل ائیرپورٹ سیالکوٹ عامریعقوب نے اپنے دفتر میں ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 6 مئی 2024 کو رن وے کی مرمت کیلئے فلائٹ آپریشن بند کیا گیا تھا جو مرمت مکمل ہونے کے بعد 18 مئی بروز ہفتہ سے شروع کیا جارہا ہے اور 19 مئی سے حج پروازوں کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرمت کے دوران رن وے پر وی آئی پی کارپٹ لگایا گیا ہے جو انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کیلئے بہت کارآمد ہے اور یہ مرمت ہر سال معمول کے مطابق کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال حاجیوں کیلئے آپریشن منیجر ائیرپورٹ نثار احمد اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل(ر)تنویر اشرف بھٹی کی زیر نگرانی سامان کی پلاسٹک ریکنگ فری کی جاتی ہے، ایمرجنسی میں اگر کسی کو ضرورت پڑے تو احرام،چپلیں بھی فراہم کی جاتی ہیں اور ان کی ریفرشمنٹ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی سکالر مولانا عمران بشیر حاجیوں کے لیے ہرسال ائیر پورٹ پر مفصل بیان کرتے ہیں اور حاجیوں کے حج سے متعلق آگاہی دیتے ہیں ۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ سیالکوٹ ائیر انتظامیہ نے پہلے ایک میگاواٹ سولر پراجیکٹ لگایا تھا اب اس میں اضافہ کرکے 1.7 میگاواٹ مزید لگایا گیا ہے اور ٹوٹل اب 2.7 میگاواٹ بجلی سولر سے حاصل کی جارہی ہے جس سے خرچہ کا ایک بڑا بجٹ کم ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب ائیر پورٹ انتظامیہ پورے ائیرپورٹ میں گرینری اور پلانٹ سیونگ پر کام کررہی ہے جس کے تحت پودے لگائے جارہے ہیں اور ان کی نگہداشت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ائیر پورٹ سے حج کیلئے 19 مئی سے فلائٹ آپریشن کا آغاز کیا جارہا ہے جو 10 جولائی 2024 تک جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق 19 مئی سے11 جون تک فلائٹ آپریشن کے ذریعے حاجیوں کو لے جایا جائے گا اور 25 جون سے 10 جولائی تک واپسی کا سلسہ جاری رہے گا۔