سیالکوٹ۔ 23 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ انتظامیہ نے منکی پاکس وبا سے نمٹنے کیلئے اقدامات مکمل کر لیے ہیں ۔ ترجمان سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منکی پاکس کے ممکنہ پھیلائو سے بچنے کیلئے تمام خصوصی اقدامات مکمل کر لئے گئے، حالیہ پیش رفت کی روشنی میں ہوائی اڈے نے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور ہر ایک کے لیے محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کیں ہیں۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آنے والے تمام مسافروں کی سکریننگ کے عمل کا آغاز کیا جاچکا،جسم کے درجہ حرارت کی نگرانی کے لیے تمام داخلی و خارجی مقامات پر تھرمل سکینر نصب کیے گئے اور منکی پاکس کی علامات ظاہر ہونے پر متاثرہ مسافر کو ابتدائی طبی امداد دینے کیلئے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی مقرر کردی گئی ہے، جن مسافروں میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوں گی انہیں فوری طور پر الگ کیا جائے گا اور انکے لیے ائرپورٹ پر کورنٹین سنٹر قائم کردیا گیا ہے اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جائیں گی۔سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر منکی پاکس سے ممکنہ بچاو کیلئے خصوصی صفائی اور ڈس انفیکٹنٹ سپرےکیا جارہا ہے، جن میں چیک ان کاؤنٹرز، سکیورٹی چیک پوائنٹس، ریسٹ رومز اور بورڈنگ گیٹس سمیت مسافروں کے سامان، انتظار گاہوں، واش رومز سمیت تمام اندرونی و بیرونی حصہ شامل ہے۔ اس حوالے سے ائرپورٹ پرہینڈ سینیٹائزنگ بکس رکھے گئے ہیں اور مسافروں کو ان کا کثرت سے استعمال کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔
مزید برآں ہوائی اڈے کے تمام عملے کو ماسک پہننے اور ہاتھوں کو سینٹائز کرنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔ مسافروں کو باخبر رکھنے کے لیے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک آگاہی مہم شروع کی ہے، جس میں ڈیجیٹل اسکرین، سوشل میڈیا، اور دوران پرواز اعلانات شامل ہیں۔
اس مہم میں مونکی پاکس کی علامات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنا شامل ہے، آگاہی دینے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مسافروں کو باخبر رکھا جاسکے اور بارے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بہترین طریقوں کو نافذ کرنے میں تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ مسافروں کو ایک محفوظ اور بہترین سروسز فراہم کی جاسکیں۔