23.8 C
Islamabad
بدھ, جون 4, 2025
ہومتازہ ترینسیالکوٹ حلقہ پی پی 52 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)...

سیالکوٹ حلقہ پی پی 52 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کی جیت پر انتخابی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے ، خواجہ محمد آصف

- Advertisement -

سیالکوٹ۔ 02 جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ IX کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد کی جیت اس پوری ٹیم کی جیت ہےجو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب حکومت کی قیادت میں گھر گھر جا کر ووٹ مانگتی رہی جس پر یہ سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے (ن) لیگی امیدوار حنا ارشد کی رہائش گاہ پر جا کر وہاں موجود (ن) لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور سمیت پورے پنجاب سے یہاں آ کر اس حلقے کی انتخابی مہم میں حصہ ڈالنے والے تمام عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی محنت رنگ لائی اور ہماری بیٹی حنا ارشد کو اللہ تعالیٰ نے کامیابی سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس پوری ٹیم کی کامیابی ہے جس نے گھر گھر جا کر ووٹ مانگا اور پھر عوام نے جس طرح رسپانس دیا لائق تحسین ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جس احسن انداز میں اس ضمنی انتخاب کی مہم کو چلایا اور مختلف عوامی نمائندوں اور عہدیداروں نے محنت کی ہے اگر اسی طرح ہم انتخابات لڑتے رہیں تو دنیا کی کوئی بھی طاقت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ہرا نہیں سکتی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی پی 52 سیالکوٹ IX کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے پختہ عزم کے ساتھ اس حلقے کی انتخابی مہم کو چلایا اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ نے ہم پر بہت بڑی کرم نوازی اور مہربانی کی ہے اور میں حنا ارشد کی سیاسی زندگی کی کامیابی کےلئےدعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس بیٹی کو اور زیادہ عطا فرمائے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604159

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں