سیالکوٹ۔30اگست (اے پی پی):ضلع سیالکوٹ میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 کا امدادی و ریسکیو آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کے مطابق تحصیل سیالکوٹ اور سمبڑیال میں صورتحال قابو میں ہے اور ریسکیو سیکٹرز مکمل طور پر ایکٹو ہیں۔تحصیل پسرور کی یونین کونسلز کالووالی، بن باجوہ اور گردونواح میں ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ تحصیل ڈسکہ میں کوٹ داسو، دھرم کوٹ پیر کہو اور ملحقہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز تیزی سے انجام دیے جا رہے ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے اب تک 1746 متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے جبکہ افسوسناک طور پر سیلابی پانی میں بہہ کر 19 افراد جاں بحق ہوئے جن کی میتیں نکال کر لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں۔
ڈی ای او نوید اقبال نے کہا کہ جب تک حالات مکمل طور پر معمول پر نہیں آتے ریسکیو سیکٹرز اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔