سیالکوٹ۔ 30 مارچ (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر بازاروں میں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے لیڈیز پولیس اسکواڈ تشکیل دے دیا ہے۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او فیصل شہزاد کی ہدایات پر اس سلسلے میں 300 سے زائد لیڈیز پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ پولیس خواتین کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسٹریٹ کرائم، اسنیچنگ اور حراسمنٹ کی روک تھام کے لیے بازاروں میں لیڈیز اسکوارڈ کو تعینات کر دیا گیا ہے جو پیدل اور موٹر سائیکلوں پر مارکیٹوں میں گشت کر رہا ہے۔ لیڈیز اسکوارڈ کے بازاروں میں موجود ہونے سے عید کی خریداری کے لیے بازاروں میں آئی خواتین بھی خوش ہیں اور اسے پنجاب پولیس کا احسن قدم قرار دے رہی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577383