سیالکوٹ۔28جنوری (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق پب جی اکائونٹ خریدنے کے لیے اغوا ہونے والا 17 سالہ نوجوان خود ہی اغوا کار نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر کے مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال کی ہدایت پر ڈی ایس پی کرائم سیل رانا محمود الحسن کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی گئی، ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے لاہور کے قریب سے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مغوی بچے کو بازیاب کروایا جس پر بچے نے انکشاف کیا کہ اسے اغوا نہیں کیا گیا بلکہ اسے پب جی اکائونٹ خریدنے کے لیے 10 لاکھ کی رقم درکار تھی جس کے لیے اس نے اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچایا،
گرفتار نوجوان نے اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا اور والد سے رہائی کے بدلے 15 لاکھ تاوان کا مطالبہ کیا تھا، پولیس نےنوجوان کو اس کے دو دوستوں کے ہمراہ گرفتار کر کے مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔