سیالکوٹ پولیس کا اپنے اہلکاروں کے لیے سپورٹس گالا

136
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

سیالکوٹ۔7دسمبر (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے اپنے اہلکاروں کے لیے سپورٹس گالا کا انعقاد کیاجس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سیالکوٹ پولیس اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس گالا کے انعقاد کا مقصد پولیس اہلکاروں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کو فروغ دینا، ان کی کارکردگی میں بہتری لانا اور ٹیم ورک کے جذبے کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس گالا میں اہلکاروں کے لیے مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں کرکٹ، رسہ کشی، بیڈ منٹن اور والی بال جیسے مقابلے شامل تھے۔

جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعام اور ٹرافی دی گئیں۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)سیالکوٹ رانا عمر فاروق کا کہنا تھا کہ سپورٹس گالا کا انعقاد پولیس اہلکاروں کی صحت مند سرگرمیوں کی جانب اہم قدم ہے۔