سیالکوٹ پولیس کا محرم الحرام کے سلسلہ میں امن و امان کے قیام کے لیے فلیگ مارچ کا انعقاد

3

سیالکوٹ۔ 25 جون (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے محرم الحرام کے سلسلہ میں امن و امان کے قیام کے لیے فلیگ مارچ کیا۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے، شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں فلیگ مارچز کا انعقاد کیا گیا۔

ایس ڈی پی اوز صاحبان نے اپنے متعلقہ سرکلز میں پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ہمراہ اہم شاہراہوں، بازاروں، امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر فلیگ مارچ کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق فلیگ مارچ کا مقصد نہ صرف امن و امان کی فضاکو مضبوط بنانا ہے بلکہ عوام میں یہ پیغام دینا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ممکن اقدامات کے ذریعے ان کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنارہی ہے، اور تمام جلوسوں و مجالس کی نگرانی جدید کیمروں، ڈرونز اور کنٹرول رومز کے ذریعے کی جارہی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔