سیالکوٹ پولیس کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی،نہروں و دریاوں میں نہاتے 105 افراد گرفتار

21
Sialkot Police
Sialkot Police

سیالکوٹ۔ 10 جون (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور نہروں و دریاؤں میں نہانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 105افراد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر پنجاب حکومت کی جانب سے نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرکارروائی کرتے ہوئے 105 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ اس ضمن میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے ضلع بھر کے حساس مقامات، نہروں، دریاؤں اور آبی راستوں پر نگرانی کرتے ہوئے قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائی کی۔

اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ یہ اقدامات شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ اور نہروں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لئے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے اور قوانین کی عملداری کو یقینی بنارہی ہے،تاہم انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں نہروں یا دریاؤں جیسے خطرناک مقامات پر نہانے سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔