سیالکوٹ۔ 08 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نےتین رکنی موٹر سائیکل چور اچھو گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم کی روک تھام کے لیے جاری آپریشن کے دوران ایس ایچ او تھانہ کینٹ سب انسپکٹر مدثر بریار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران کینٹ کے علاقہ میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے سلسلہ میں جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے سیف سٹی کیمرا کی مدد سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث محمد علی عرف اچھو گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان ماسٹر چابی کے ذریعے شہریوں کی موٹر سائیکلیں گھروں کے باہر اور رش والی جگہوں سے چوری کرتے تھے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 5 عدد موٹر سائیکلیں اور 130000 روپے نقدی برآمد کر لی،گرفتار ملزمان میں محمد علی عرف اچھو ولد ناظم سکنہ پلی توپ خانہ سیالکوٹ، علی حسن ولد محمد ریاض سکنہ بھوتھ سیالکوٹ اور فیصل ولد عنایت سکنہ رحیم پور کھچیاں شامل ہیں۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران 8 مقدمات ٹریس کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔