سیالکوٹ۔ 26 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد کی ہدایت پر سیالکوٹ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے کانسٹیبل زاہد اکرام شہید کی برسی کے موقع پر شہید کی قبر پر سلامی دی۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق پولیس کا بہادر سپوت کانسٹیبل زاہد اکرام سال2002 میں شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی خاطر جرائم پیشہ افراد کا مقابلہ کرتے ہوئے گولیوں کی زد میں آکر شہادت کے عظیم مرتبہ پر فائز ہوئے،قوم کے اس بہادر بیٹے کی برسی کے موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قبرپر حاضری دی اور شہید کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور سیالکوٹ پولیس شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔