سیالکوٹ چیمبر کے اپنی مدد آپ کے تحت جاری منصوبے قابل تعریف ہیں ،جرمن سفیر الفریڈ گراناس

106

سیالکوٹ۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس اورپاکستان کے لیے نامزد کلچرل کونسلر مس ڈوروٹا بیریزکی نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر میاں عمران اکبر، سینئر نائب صدرشیخ زوہیب رفیق سیٹھی اورنائب صدر قاسم ملک نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر جرمن سفیر الفریڈ گراناس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر کی جانب سےجاری اپنی مدد آپ کے تحت ایئر پورٹ،ایئر لائن،ڈرائی پورٹ اور دیگر منصوبے قابل تعریف ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے روابط اور ثقافتی روابط بھی بہت اچھے اور گہرےہیں۔پاکستان اور جرمنی کی باہمی تجارت میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے باہمی تعاون کو بہتر بنا کر اور پرائیویٹ سیکٹر کے روابط پیدا کر کے معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے میں سہولت فراہم کرنے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر صدر چیمبر نے میاں عمران اکبر نے الفریڈ گراناس کو پاکستان میں جرمنی کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تعمیر اور مضبوطی میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے مقامی دفاتر کے ذریعے ISPO اور MEDICA کے نمائش کنندگان کو خصوصی ترجیحی خدمات کی اجازت دینے پر جرمن سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان میں سرمایہ کاری کا ایک اہم شراکت دار ہے اور میں شکر گزار ہوں کہ بہت سی جرمن کمپنیاں پاکستان کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں اور پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کر رہی ہیں۔صدر چیمبر نے جرمن سفارت خانے کی جانب سے ویزوں اور دیگر خدشات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک فوکل پرسن کو نامزد کرنے کی بھی درخواست کی۔