سیالکوٹ کی تاجر برادری اس شہر کی معمار ہے جنہوں نے شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیشہ انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے، خواجہ محمد آصف

168
خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ۔ 28 ستمبر (اے پی پی):سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ اندسٹری جیسے اہم پلیٹ فارم نے ہمیشہ مجھے عزت بخشی اور سیالکوٹ چیمبر کا دعوت نامہ میرے لیے ہمیشہ باعث عزت رہا ہے اور رہے گا، سیالکوٹ کی تاجر برادری اس شہر کی معمار ہے

جنہوں نے شہر سیالکوٹ کی تعمیروترقی کے لیے ہمیشہ انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے جس پر میں آپ سب کا شکر گزا ہوں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب یہاں سیالکوٹ کینٹ میں گریس مارکی کے اندر منعقدہ ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سیالکوٹ جس مقام پر ہے اور پوری دنیا میں جس طرح سے اس شہر کی پہچان ہے یہ اللہ تعالیٰ کے فضل کے بعد ہمارے شہر کی تاجر برادری کی انتھک محنت ہی کا نتیجہ ہے، سیالکوٹ کی تاجر برادری نے گزشتہ چار دہائیوں سے اپنے قائد ریاض الدین شیخ اور مرحوم خواجہ ذکاء لدین کی قیادت میں جو کچھ حاصل کیا ہے اس کی پاکستان میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری اور اس کا کاروبار بذات خود ایک کیس سٹڈی ہے جو تعلیمی اداروں سمیت یونیورسٹیوں میں بھی تعلیمی نصاب کا حصہ بننا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر واحد ایک ایسا شہر ہے جس میں نہ تو کسی نے بنک ڈیفالٹ کیا ہے اور نہ ہی ٹیکس کا ڈیفالٹ کیا ہے بلکہ اس چھوٹے سے شہر نے جو جغرافیائی لحاظ سے ایک کونے میں موجود ہے اپنی آبادی کے تناسب اور ایکسپورٹ کے لحاظ سے یہ پاکستان کا سب سے زیادہ اہمیت کا حامل شہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر سیالکوٹ کے باسیوں کے ویسے بھی مجھ سمیت میرے والد مرحوم پر بھی بہت احسانات ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہمیں عزت بخشی اور اپنی قیادت کا موقع دیا جس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔ سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کے اقدامات کا اعتراف کیا ہے کیونکہ انہوں نے کسی بھی آفت، زلزلہ ہو یا پھر سیلاب زدگان کی امداد، سیالکوٹ کی تاجر برادری نے ہمیشہ سب لوگوں سے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک خوشخبری بھی ہے جو یہ ہے کہ انشا اللہ 30 دسمبر تک ایئر پورٹ چوک سے لیکر سیالکوٹ تک یہ سڑک بالکل نئی تعمیر ہو جائے گی، اس کے علاوہ ایمن آباد روڈ کے لیے بھی10 ارب روپے مختص ہو چکے ہیں جن سے ایمن آباد روڈ کو دھرم کوٹ سے موٹروے سے ملا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی شہر کا موٹروے سے اس طرح کا تعلق نہیں ہے یہ محمد نواز شریف کا اس شہر کے ساتھ ایک رشتہ اور اس شہر کی کامیابیوں کے اعتراف کا اظہار تھا کہ موٹروے جیسا تحفہ سیالکوٹ کو ملا، اس موٹر وے کو کھاریاں اور دینہ سے ملایا جائے گا جس کے لیے زمین ایکوائر ہو چکی ہے بلکہ مٹی بھی ڈلنا شروع ہو گئی ہے

جس سے سیالکوٹ کو لوگوں کو مذید سہولت حاصل ہو گی۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر، سیالکوٹ جیل اور یونیورسٹی کی شہر سے باہر منتقلی کے لیے کام کر رہا ہوں تاکہ 53 ایکڑ پر موجود سرکاری دفاتر کی جگہ پر شہر سیالکوٹ کے عوام کے لیے سر سبزوشاداب پارک بنا کر انہیں بہترین اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے، اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا اور زندگی نے وفا کی تو سیالکوٹ موٹروے کی طرح اس منصوبے کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور سیالکوٹ کے لوگوں کی خدمت کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔