سرینگر۔ 19 نومبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ جموںو کشمیر میں بھارت کے ظلم و بربریت اور سفاکیت کی حکومت قائم ہے اورکشمیریوںکے جملہ حقوق کو فوجی طاقت کی بنیاد پر سلب کردیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے حیدر پورہ سرینگر میں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیرت پاک پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کسی خاص قوم، قبیلے، نسل یا عقیدے کے پیروکاروں ہی کےلئے نہیں، بلکہ تمام انسانیت اور تمام جہانوں کےلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں اور ان کا پیغام امن، سلامتی، عدل اور انصاف پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس موقع پرمختلف جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں سیاسی اختلافات کی بنیا دپر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوںنے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت آزادی پسند رہنماو¿ں کو بھارت کی دوردراز جیلوں میں منتقل کرنے پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران کشمیریوں کو انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنانے کیلئے دانستہ طورپر انہیںدوردراز جیلوں میں منتقل کرکے ان کے ساتھ اپنی نفرت کا اظہارکرتے ہیں۔