کراچی۔ 27 جون (اے پی پی):اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے سندھ اسمبلی کے احاطے میں قائم کیے گئے نئے نادرا رجسٹریشن سینٹر(این آرسی)کا باقاعدہ افتتاح کردیاہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب ربن کاٹنے سے شروع ہوئی جہاں ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی، احتشام شاہد نے اسپیکر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر اسپیکر کے ہمراہ سیکرٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا/فوکل پرسن نادرا، عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔
یہ نادرا رجسٹریشن سینٹر اراکین سندھ اسمبلی اور سیکرٹریٹ کے عملے کے لیے ایک ہی چھت کے نیچے شناخت اور رجسٹریشن سے متعلق سہولیات فراہم کرنے والا ایک مکمل سہولت مرکز ہے۔ سینٹر میں فراہم کی جانے والی خدمات میں شناختی کارڈ(سی این آئی سی )کا اجرا ، تجدید، ڈپلیکیٹ، ترمیم، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی ) اور نائیکوپ کی سہولیات شامل ہیں۔ یہ سینٹر قانون سازوں اور اسمبلی سیکرٹریٹ دونوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گا اور اہم خدمات کو مزید قابل رسائی اور موثر بنائے گا ۔
تقریب کے دوران اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے بطور علامتی قدم پہلا سروس ٹوکن بھی جاری کیا۔