مظفر آباد۔1ستمبر (اے پی پی):تحریک آزادی جموں وکشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی کو تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزاد جموں وکشمیر میں مختلف تنظیموں کے زیراہتمام ریلیاں نکالی گئیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت نے مظفرآباد میں احتجاجی ریلی نکالی جس میں معاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، شوکت جاوید میر، مشتاق الاسلام، راجہ آفتاب احمد خان، راجہ محمد عارف خان، عثمان علی ہاشم، چوہدری محمد مشتاق، قاری بلال احمد فاروقی، علی محمد بٹ ،عبدالحمید لون، چوہدری محمد اسماعیل، شاکر الاسلام، جہانگیر خان، راجہ ساجد خان، قاری مقبول رحمن، سید آصف گیلانی، جاوید احمد مغل، ڈاکٹر محمد منظور اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکانے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سید علی شاہ گیلانی کی تصاویر موجود تھیں اور ان کے اقوال درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی ساری زندگی جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے منظور کی گئی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ تحریک شباب المسلمین جموں کشمیر کے طلبہ ونگ نے تحریک شباب مسلم طلبہ ونگ ریاض احمد اعوان کی قیادت میں علمبردار چوک مظفرآباد میں ریلی نکالی۔ریلی میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے رہنمائوں ، کارکنوں کے علاوہ اشفاق احمد جھنگیری، صدیق داؤد ناصر خٹک، عنایت اللہ قریشی، سردار محمد رمضان ایڈووکیٹ، مرکزی چیف آرگنائزر نصیر میر، جنرل سیکرٹری سٹوڈنٹس ونگ زبیر درانی، وائس چیئرمین منیر کنسی، شبیر اعوان، امتیاز اعوان ،ارشد اعوان، حبیب اللہ میر، آصف درانی، نزاکت قریشی ، فلک خان اوردیگر شریک تھے۔مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ سید عل گیلانی تحریک آزادی کشمیر کا استعارہ ہیں۔ وہ ساری زندگی کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے عظمت اور جرات کی عظیم اور بے مثال تاریخ رقم کی، کشمیری عوام ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان کے مشن کو مکمل کامیابی تک جاری رکھا جائے گا۔