سید علی گیلانی کی جدو جہد آزادی کشمیر اور پاکستان کے ساتھ ان کا بے پناہ لگاؤ ناقابل فراموش ہے، شرکاء

131
سید علی گیلانی

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):بابائے حریت سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکاء نے کہا کہ سید علی گیلانی کی جدو جہد آزادی کشمیر اور پاکستان کے ساتھ ان کا بے پناہ لگاؤ ناقابل فراموش ہے۔

سید علی گیلانی کی دوسری برسی پر جمعہ کو کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جسں میں کل جماعتی حریت رہنماؤں سمیت سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ سید علی گیلانی کا ایک ہی نعرہ تھا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے ، ان کی شخصیت سے پورا ہندوستان خوف زدہ تھا پاکستان کا دوسرا نام سید علی گیلانی تھا ۔

عبدالحمید لون نے کہا کہ آج ہم سید علی گیلانی کی دوسری برسی منا رہے انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سید علی گیلانی کی جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے، وہ ایک جدوجہد کا نام تھے اوربھارتی مظالم کے باوجود سید علی گیلانی چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے آج بھی وادی میں گونج رہا ہے ،

آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں سید علی گیلانی کے مشن کو جاری رکھیں گے۔راہنماء جے یو آئی (ف) سینیٹر طلحہ محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کو دے دی، سید علی گیلانی نے "پاکستان ہمارا ہے، ہم پاکستانی ہیں” کے نعرے پر ساری زندگی گزار دی، ان کی وصیت تھی کہ ان کا جسد خاکی پاکستانی پرچم میں سپرد خاک کیا جائے۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہئے اور عالمی سطح پر لابنگ ہونی چاہئے تاکہ بھارت پر دباؤ ڈالا جاسکے۔ تقریب سے رہنما پیپلز پارٹی سید نئیر بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے بھارت کی سیاست کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، بی جے پی نے ہندوستان میں اقلیتوں پر ظلم وجبر کو ریاستی پالیسی کا حصہ بنارکھا ہے، بھارت میں بہت سی آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں اور کشمیر بہت جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا۔ نگران وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا کہ سید علی گیلانی کے زندگی میں بہت سے چیلنجز آئے اور وہ ہمیشہ چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے ،

سید گیلانی نے کشمیریوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے رکھا ایسے لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ آج بھی کئی کشمیری رہنما جیلوں میں نظربند ہیں ، کشمیری نظریے کو کوئی بھی دفنا نہیں سکتا، شہیدوں کی قربانیاں جاری ہیں جو جاری رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عزائم کو سید علی گیلانی نے بہت پہلے افشاں کردیا تھا ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے پچاس لاکھ سے زائد ڈومیسائل جاری کردیے ہیں، ہم اپنا مقدمہ بھر پور انداز میں اقوام عالم کے سامنے رکھیں گے، سید علی گیلانی کے ساتھ میرا رشتہ باپ بیٹی کا تھا، اور انکی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ تقریب میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ اور ممبران آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے بھی شرکت کی۔