اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):آل پاکستان حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما سیدفیض نقشبندی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی مکمل حمایت پر اظہار تشکر کیا ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، جس سے دنیا اور بھارت کو یہ واضح پیغام جاتا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حق،حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی افواج کے مظالم کے باوجود کشمیری اپنی آزادی کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔