کراچی۔ 26 فروری (اے پی پی):سید مراد علی شاہ تیسری مدت کے لیے وزیر اعلی سندھ منتخب ہوگئے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید مراد علی شاہ پیر کو یہاں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں 112ووٹ لے کر مسلسل تیسری بار سندھ کے وزیر اعلی منتخب ہو گئے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار علی خورشیدی 36ووٹ حاصل کئے۔صوبائی اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت پر تقریبا 2 بجے سپیکر سید اویس قادر شاہ کی صدارت میں شروع ہوا۔
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولﷺپیش کی گئی۔ووٹنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہونے پر اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کو قائد ایوان قرار دیا۔سپیکر نے سید مراد علی شاہ کو مسلسل تیسری بار وزیر اعلی سندھ منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔
سندھ کی وزارت اعلی کے انتخاب کے عمل میں سنی اتحاد کونسل کے 9اور جماعت اسلامی کے ایک رکن نے ووٹ ڈالنے سے گریز کیا۔انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کے رہنمائوں نے بھی نومنتخب وزیراعلی کو مبارکباد دی۔