سید مظفر حسین شاہ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا

255
سید مظفر حسین شاہ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا
سید مظفر حسین شاہ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):سینیٹ کے خصوصی اجلاس کے لئے پریزائیڈنگ افسر سید مظفر حسین شاہ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابی عمل سے متعلق ایوان بالا کا دوسرا سیشن شروع ہوتے ہی ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران انہوں نے بتایا کہ کسی بھی رکن کو موبائل فون، کیمرے اور برقی آلات پولنگ بوتھ کے اندر لانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہر 25 ووٹوں کے بعد مہر کو تبدیل کیا جائے گا تاکہ سیاہی پھیکی نہ پڑے، پولنگ 5 بجے بند کر دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی ہوگی اور جو چیئرمین منتخب ہوگا وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائے گا

جس کی سربراہی میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کی کارروائی کا آغاز ہوگا۔ پریزائیڈنگ افسر نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے سینیٹ کے کل 100 میں سے 99 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ بیلٹ پیپر ضائع ہونے کی صورت میں ووٹر پریزائیڈنگ افسر سے رابطہ کر کے دوسرا بیلٹ پیپر جاری کروا سکتا ہے۔

انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد بیلٹ پیپر کو فولڈ کرنے کے طریقہ کار سے بھی ارکان کو آگاہ کیا۔ پریزائیڈنگ افسر کی ہدایت پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ارکان کو خالی بیلٹ باکس دکھائے جس کے بعد سب کی موجودگی میں انہیں سربمہر کر دیا گیا۔ بعد ازاں چیئر کی اجازت سے سیکریٹری سینیٹ نے اراکین سینیٹ کے نام پکار کر پولنگ کے عمل کا آغاز کرایا۔