اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سید یوسف رضا گیلانی نےاس واقعہ کو بزدلانہ اور قابل افسوس عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہیں،جمہوری اداروں کے احترام اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے
،اس طرح کے واقعات ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی مذموم سازش ہیں، اس واقعہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور سپیکر چوہدری لطیف اکبر سمیت تمام عوامی نمائندوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے چوہدری لطیف اکبر اور ان کے قافلے میں شامل تمام افراد کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔