پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیرت نبوی ﷺ صرف عالم اسلام نہیں بلکہ عالم انسانیت کیلئے عظیم نمونہ حیات ہے اور بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے،گورنر ہاؤس میں سیرت النبیﷺ کانفرنس کی میزبانی بلاشبہ میرے لئے باعث فخر و قابل اعزاز ہے۔ بدھ کے روز گورنرہائوس پشاور میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات دنیا و آخرت میں کامیابی کا باعث ہیں، گورنر ہائوس پشاور کے تر جمان کے مطابق کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت رسول مقبول پیش کی گئی،
کانفرنس میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مولانا انتخاب احمد نوری، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل مفتی محمد زبیر، شہید مولاناحامد الحق کے صاحبزادہ مولانا عبدالحق ثانی،مولانا ھشام الہی، جھنگ سے پیر طریقت رہبر شریعت حبیب اللہ نقشبندی، جامعہ بنوریہ کراچی مہتمم مفتی نعمان نعیم، مفتی زبیراشرف عثمانی، مولاناعزیز الرحمٰن رحیمی، مولانا عبدالظاهر فاروقی ،مولانا عبداللہ نقشبندی، مولانا ابوبکر شاہ، پیر طریقت رہبر شریعت سید چراغ الدین شاہ، حافظ محمد امجد، قاری محمد ابراہيم قاسمی، اسامہ سید اجمل قاسمی، مفتی شہباز عالم فاروقی سمیت صوبہ بھر اور ملک کے دیگر صوبوں سے جید علماء کرام نے شرکت کی،کانفرنس میں علماء کرام نے رسول اکرمﷺ کی سیرت مبارکہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی ،
مقررین نے کانفرنس کے اہتمام پر گورنر خیبرپختونخوا کومبارکباد دی اور اس بابرکت کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کیا مقررین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خاتم النبیین ﷺ کو ساری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے اور اسی لیے اہل ایمان آپ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن منارہے ہیں، ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنا کردار ایسا بنائے کہ ہم سے اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم ﷺ راضی ہوں اور نوجوان نسل کیلئے ہمارا کردار باعث تقلید بنے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ معمول بنائیں اوررسول اکرم ﷺکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنے ملک وقوم کی ترقی میں کردار ادا کریں، اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خطاب میں سیرت النبی ﷺ کی پُرنور کانفرنس میں شرکت پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا
گورنرنے کہاکہ ہمارا صوبہ موسمیاتی تبدیلی سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، کلاوڈبرسٹ، فلیش فلڈ سے لوگوں کا جانی و مالی نقصان ہوا ، قدرتی آفات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں انجمن ہلال احمر کے ذریعہ متاثرین کی مدد کررہے اور ان کی خدمت کیلئے پیش پیش ہیں انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کو دہشتگردی و شدت پسندی سے نکالنا ہے اور اس ضمن میں علمائے کرام اور تعلیم یافتہ طبقہ پر امن و امان کے قیام اور معاشرے کی اصلاح میں بہت بڑا کردار و ذمہ داری عائدہوتی ہے۔
سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ ہم سب کو ملکر دہشت گردی کے خاتمہ اور امن واستحکام کیلئے کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف ہم نے متحد ہوکر جس جذ بہ کا اظہار کیا انشاء اللہ بہت جلد خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن بھی قائم ہوگا، کانفرنس کے ا ٓخر میں صاحبزادہ پیر امین قادری نے ملک میں امن و استحکام، دین و دنیا کی کامیابی، خیر و برکت اورملکی ترقی خوشحالی کیلئے دعا کی۔