سیف سٹیز اتھارٹی نے لاہور بھر میں نصب 15(ون فائیو) ایمرجنسی پینک بٹن کو سیفٹی زون بنا دیا

162

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم قدم اٹھاتے ہوئے لاہور بھر میں نصب 15(ون فائیو) ایمرجنسی پینک بٹن کو سیفٹی زون بنا دیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہر بھر میں لگائے گئے 15 ایمرجنسی پینک بٹن کو مشکل کے شکار شہریوں کے لئے سیفٹی زون بنا دیا ہے۔

شہری ہراسمنٹ، راہزنی،ذہنی معذور، معمر افراد،گمشدہ بچے، میڈیکل ایمرجنسی یا ناگہانی صورتحال میں پینک بٹن دبا کر سیفٹی زون میں آجائیں گے۔15(ون فائیو) پینک بٹن دبانے والے کو سیف سٹی کیمروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ترجمان پنجاب سیف سٹی کا کہنا ہے کہ شہری موبائل فون نہ ہونے یا چھن جانے کی صورت میں 15 ایمرجنسی پینک بٹن دبا کر فوری پولیس کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔15 پینک بٹن دبانے پر لوکیشن بتانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔یاد رہے کہ پینک بٹن سیفٹی زون میں کالر کو ضرورت کے مطابق ایمرجنسی میں مدد فراہم کی جائیگی۔