سیف سٹی میں قائم کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کا عمل جاری ، پہلے روز 258 شکایات کو نمٹا یا گیا

18
سیف سٹی میں قائم کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کا عمل جاری ، پہلے روز 258 شکایات کو نمٹا یا گیا

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد صاحبزادہ یوسف نے کہا ہے کہ زیرو ویسٹ آپریشن کے حوالے سے سیف سٹی میں قائم کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ، پہلے روز 258 شکایات کو نمٹا دیا گیا،

دوسرے روز اب تک 65 شکایات موصول ہوئیں جنہیں نمٹایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف نے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صفائی آپریشن کے عمل کا جائزہ لیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو بتایا گیا کہ کنٹرول روم رابطہ نمبر پر شہریوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جا رہا ہے ۔

کنٹرول روم میں سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ تعینات ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ یوسف نے کہا کہ گزشتہ روز مجموعی طور پر 258 شکایات موصول ہوئیں، تمام تر شکایات کو کل ہی کے روز میں نمٹا دیا گیا ہے۔

اے ڈی سی جی صاحبزادہ یوسف نے کہا کہ آج کے روز اب تک 65 شکایات موصول ہوئیں جنہیں نمٹایا جا رہا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ عملہ کی جانب سے شکایت حل کرنے کے بعد شہری سے فیڈ بیک کے لیے بھی رابطہ کیا جاتا ہے۔ صاحبزادہ یوسف نے کہا کہ اب تک شہریوں کی جانب سے دیا گیا فیڈ بیک تسلی بخش ہے۔