سیف سٹی کے حوالے سے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس

71

پشاور۔ 30 مئی (اے پی پی):سیف سٹی کے حوالے سے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ اجلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی آئی جی رائے اعجاز احمد نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کو مجوزہ پشاور سیف سٹی پراجیکٹ پر اب تک کے کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل آئی جی پیز کوارٹرز، ڈی آئی جی فنانس، چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور، ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈائریکٹر آئی ٹی سی پی او، ایڈیشنل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس محکمہ داخلہ، ڈائریکٹر آئی ٹی، ڈی پی ڈی سیف سٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے پی آئی ٹی بورڈ، این آر ٹی سی کے نمائندوں، یونیورسٹی آف انجنیئرنگ ٹیکنالوجی پشاور اور کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں آئی جی پی کو منصوبے پر کام کے آغاز اور اب تک ہونے والے کام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور میں کیمروں کی تنصیب کے لیے پولز لگانے کا کام شروع ہوچکا ہے جبکہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے NRTC کو ایڈوانس رقم کی ادائیگی بھی کی گئی ہے۔آئی جی پی نے کہا کہ یہ میگا پراجیکٹ پشاور کے شہری علاقوں کو جدید آلات و ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنانے کے لیے لائف لائن کی سی اہمیت رکھتا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آلات اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ بریفنگ کے دوران آئی جی پی خیبر پختونخوا کو بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان، کرک اور ٹانک میں سروے کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ ڈی آئی خان ، بنوں اور لکی مروت کا پی سی ون بھی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

آئی جی پی نے پشاور اور دیگر اضلاع میں پی سی ون کی منظوری کے بعد سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت پولز انسٹالیشن اور کیمرے نصب کرنے کے کام کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی تاکہ دہشت گردی سمیت دیگر معاشرتی اورسماجی جرائم پر قابو پایا جاسکے اور عوام کو مکمل محفوظ ماحول میسر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور سٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے پشاور سیف سٹی پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرکے فعال بنایا جائے تاکہ صوبائی دارالحکومت کو پر امن اور کرائم فری زون بنایا جاسکے۔بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پشاور پولیس لائنز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے بنائے جانے والے کمانڈ اینڈکنٹرول سیٹ اپ کی تجویز شدہ بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا

اور اس حوالے سے اعلیٰ افسران کو مختلف ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر سی سی پی او پشاور قاسم علی خان، ڈی آئی جی آئی ٹی رائے اعجاز احمد اور ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش بھی ان کے ہمراہ تھے۔