سیف کراس کنٹری اتھلیٹکس چمپیئن شپ 23 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی

93
Athletics Federation of Pakistan
Athletics Federation of Pakistan

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):سیف کراس کنٹری اتھلیٹکس چمپیئن شپ 23 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس میں ساتوں سارک ممالک کے اتھلیٹس حصہ لیں گے۔ یہ بات سیف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپین شپ کے چیف آرگنائزر اور چیئرمین اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان بریگیڈیئر (ر) سلطان محمود ستی نے بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اسلام آباد اتھلیٹکس چیمپین شپ کے صدر عمران خان اور ایونٹ کے مین اسپانسر روڈن انکلیوکے نمائندہ ایم راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

بریگیڈیئر (ر) سلطان محمود ستی نے کہا کہ چیمپین شپ دو مرحلوں میں منعقد ہو گی، پہلے مرحلے میں آٹھ کلو میٹر پر مشتمل دوڑ میں 20سال سے کم عمر نوجوان اور بچے جبکہ دوسرے مرحلےمیں دس کلو میٹر دوڑ میں 20سال سے زائد عمر کے افراد حصہ لے سکیں گے، ہر ٹیم کے چار ،چار کھلاڑی دوڑ میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے جبکہ سکورننگ کیلئے پہلے تین تین کھلاڑیوں کو کاؤنٹ کیا جائے گا،ایونٹ میں حصہ لینے والوں میں دو طرح کے انعامات دیئے جائیں گے جن میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو انفرادی اور ٹیم کی صورت میں انعامات اور میڈلز دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح پارک ایف نائن اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس اتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان ،بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، مالدیپ اور بھوٹان سمیت تمام ساتوں سارک ممالک حصہ لے رہے ہیں،ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں بھارتی ٹیم کاسب سے زیادہ 70افراد پر مشتمل دستہ شرکت کرے گا جو بذریعہ سڑک واہگہ بارڈرسے پاکستان پہنچے گی جبکہ باقی تمام ٹیموں کو ریٹرن ایئرٹکٹ اور بورڈنگ سمیت قیام و طعام کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ٹیمیں 21 فروری تک اسلام آباد پہنچ جائیں گی،22 فروی کو ٹیموں کو اسلام آباد کی فیصل مسجد اور مانو منٹ کی سیر کرائی جایئے گی جبکہ رات کو گالا ڈنر دیا جائے گااور تمام ٹیموں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جایئے گی۔ بریگیڈیئر (ر) سلطان محمود ستی کا مزید کہنا تھا کہ اس ایونٹ کو کرانے میں سیف اتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئرمین میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کی انتھک محنت بھی شامل ہے۔