لاہور۔24جولائی (اے پی پی):ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیلابی خطرے کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں اور ولنرایبل اضلاع میں سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کی پیش گوئی کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سپیل25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بہاولپور،راولپنڈی، شیخوپورہ،لاہور،جوہرآباد،اٹک،چکوال،فیصل آباد،سیالکوٹ اور اوکاڑہ میں بارش ریکارڈ کی گئی تاہم پنجاب کے تمام دریا ئوں اور بیراجز میں پانی کا بہا ئو معمول کی سطح پر ہے۔اسی طرح منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 56 فیصد،تربیلا میں68 فیصد اورستلج،بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح37 فیصد تک ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث رودکوہیوں میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزر سکتے ہیں، پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے ہیں اور ولنرایبل اضلاع میں سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں،عوام الناس سے التماس ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں،خراب موسم میں غیر ضروری سفر ،بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو چھونے سے گریز کریں۔ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔