سیلابی ریلوں کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں،پاکستان ریڈ کریسنٹ

144
Red Crescent

نیلم۔ 26 جولائی (اے پی پی):ریڈ کریسنٹ کی نشاندہی پرآرمی بم ڈسپوزل سکواڈ نے کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں دودھنیال اور تہجیاں نالے میں سیز فائر لائن سے سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے بارودی مواد کو لکڑ کے اندر سے برآمد کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔

اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ ضلع نیلم کے ڈسٹرکٹ لیزان آفیسر ناصر بخاری نے عوام علاقہ کو ہدایت جاری کرتے ہوے کہا کہ سیلابی ریلوں کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں بارودی مواد جہاں کہیں بھی نظر آئے تو اسکے قریب نہ جائیں اور نہ ہی اسے چھوئیں متعلقہ اداروں کو آگاہ کریں تاکہ بارودی مواد کو بروقت ناکارہ بنا کر انسانی جانوں کے ضیاع سے بچایا جا سکے۔ یاد رہے کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ضلع نیلم میں محفوظ رویوں اور ان پھٹے دھماکہ خیز مواد کے حوالے سے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں میں محفوظ رویوں کے فروغ کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔

حالیہ بارشوں اور پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے بھی ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد ان پھٹے دھماکہ خیز مواد سے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔ اس حوالے سے پاک فوج، سول ڈیفنس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر محفوظ رویوں کو فروغ دیئے جانے کے حوالے سے مشترکہ کوششیں بھی کی جا رہی ہیں