اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 28 سے 31 جولائی تک متوقع بارشوں کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، سکردو، ہنزہ اور شگر میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، …
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 28 سے 31 جولائی تک متوقع بارشوں کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقوں گلگت، سکردو، ہنزہ اور شگر میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ان بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ وادی چترال، بونی اور ریشن میں بارشوں اور گلیشئرز کے پگھلنے سے دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اہلکار، مشینری اور ریسکیو ٹیمیں تیار رکھیں۔ مقامی انتظامیہ اور پی ڈی ایم ایز کو بھی بروقت اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔دریں اثنا عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین معلومات، ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔









