اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):پاکستان کے سیلاب زدگان کی امدادی اور بحالی کے لئے ترکی اور متحدہ عرب امارات سے 6 طیارے امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دوست ممالک نے پاکستان کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ اس تناظر میں ترکی سے 4 فوجی طیارے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کے 2 فوجی طیارے نورخان ایئر بیس راولپنڈی پہنچ گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات سے ایک فوجی طیارہ آج شام نور خان پہنچے گا جبکہ چین سے 2 طیارے آئندہ 48 گھنٹوں میں پاکستان پہنچیں گے۔ اسی طرح بحرین نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے امدادی سامان کا ایک طیارے پا کستان بھجوانے کا وعدہ کیا ہے۔ ان طیاروں کے ذریعے لائے جانے والے امدادی سامان میں خیمے ہ، ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں