اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت حالیہ بارشوں اورسیلاب سے پیداہونے والی مشکل صورتحال اور مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور ریسکیو کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں وزارت خزانہ میں سیلاب متاثرین کو نقد امداد کی ادائیگیوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک، صدر حبیب بینک لمیٹڈ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری بی آئی ایس پی اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی نے اجلاس کو بتایا کہ تقریباً 90 فیصد مستحقین کو نقد امداد کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔ باقی رہ جانیوالے افراد کو اگلے پانچ دنوں کے اندر ادائیگی کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ اے ٹی ایم اور پی او ایس میں ادائیگی میں غیرقانونی طرزعمل کے حوالے سے کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک اور صدر ایچ بی ایل نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ سیلاب متاثرین میں ریلیف کیش کا بڑا حصہ تقسیم کیا گیا ہے اور شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیلاب متاثرین کو ادائیگیوں میں کوتاہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب متاثرین کی امداد اور ریسکیو کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
وزیر خزانہ نے سٹیٹ بینک اور ایچ بی ایل پر زور دیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی شکایات کا ازالہ کریں اور متاثرین میں نقد امداد کی شفاف تقسیم کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر نقدی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، سائبر سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے نقد تقسیم کے نظام کو مضبوط بنا کر سیلاب متاثرین کو امدادی رقم کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔