اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر 16 ہیلتھ کیمپس لگائے جا رہے ہیں ۔
بدھ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب میں 47 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں 16 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں ۔ پنجاب کے دو اضلاع میں 4 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں ۔
سندھ کے 10 اضلاع میں 13 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ مجموعی طور پر5574 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ۔عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر 1084 بچوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیمپس میں 625 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے دیئے گئے جبکہ ہیلتھ کیمپس میں 262 بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے گئے۔