سیلاب سے متاثرہ قومی شاہراہ این 50 کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، ترجمان این ایچ اے

128
NHA
NHA

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):سیلاب سے متاثرہ قومی شاہراہ این 50 کو بحالی کی کوششوں کے بعد ہرقسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے جاری تازہ ترین صورتحال میں کہا گیا ہے کہ قومی شاہراہ این 50 کو ژوب سے دھناسر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے جسے بارشوں سے متاثر ہونے کے بعد بند کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہاکہ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی خصوصی ہدایت پر عملہ نے کام مکمل کر لیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے دیگر قومی شاہراہوں کو جلد بحال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔این ایچ اے کے افسران اور فیلڈ عملہ تمام بند راستوں کو کھولنے کیلئے کوشاں ہے۔

قبل ازیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے قومی شاہراہوں سے متعلق سفری ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس وقت قومی شاہراہ این 25 لنڈا پل، ایم 8 وانگوں ہلز کے مقام سے مکمل بند ہے اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ این 50 ژوب دھناسر، این 70 فورٹ منرو کے مقام سے ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا ، این 50کو اب ٹریفک کے لئے کھولا جارہاہے ۔